مسدس در مدح محسن اسلام حضرت ابو طالب علیہ السلام

 

حق کی پہچان ہے ابو طالب

دیں کا اعلان ہے ابوطالب 

عشق قرآن ہے ابوطالب

جان ایمان ہے ابوطالب


ہر عمل اس کا نور افزا ہے

ہر قدم اس کا حق کا جادہ ہے


جب اندھیرے جہاں میں چھائے تھے

اور نبی کریم آئے تھے

اس کے ہر سو شفیق سائے تھے

اس نے انوار حق بچائے تھے


ہے جو قرآن میں سراج منیر

اس کا فانوس ہے یہ مرد شہیر


اس سے حق کو ملا ہے استحکام

اس کے دم سے بچا رہا اسلام

نسل میں ہیں اسی کی بارہ امام

جو نبوت کا کام اس کا کام


جانشیں ہے خلیل داور کا

اور مربی ہے یہ پیمبر کا


اس پہ نازاں ہر اک فضیلت ہے

ہر نفس اس کا اک عبادت ہے

اس پہ قربان خود رسالت ہے

یہ نبی کے لئے بھی رحمت ہے


رحمت عالمین مٹ جاتا

یہ نہ ہوتا تو دین مٹ جاتا


یہ ہے اسلام کا بڑا محسن

فخر ایماں ہے یہ ہے وہ مومن

حق بچانے میں کٹ گیا کل سِن

دیں پہ قربان کردیا ہر دن


کربلا بھی اسی کا جلوہ ہے

آج تک دین جس سے زندہ ہے


ذات اس کی ہے اک ولی کی ذات

انبیاء کے ہیں مثل اس کے صفات

اس کے دم سے ملی ہے دیں کو نجات 

شعب میں کس طرح کٹی ہر رات


شب ہجرت اسی کی اک شب ہے

جس پہ قربان مرضی رب ہے


اس کی آواز حق کی ہے آواز

جانتا تھا نبوتوں کا راز

سوز سے ہے اسی کے دیں کا ساز

اس پہ اللہ بھی ہے محوِ ناز


چونکہ یہ نور حق کا حامل ہے

اس لئے دشمن اس کا باطل ہے


دین پھیلا اسی کی قوت سے

حق بچا ہے اسی کی عترت سے

جنت اس سے ہے یہ ہے جنت سے

دیکھتے کیوں ہو اس کو حیرت سے


باغباں دین کے گلستاں کا

ہے یہی باپ کلّ ایماں کا


کفر سے تھا ہمیشہ یہ بیزار

اس کا کردار، حق کا ہے کردار

اس کی ہر سانس، کفر پر تھی وار

اس پہ قربان احمد مختار


ہے یہ ہادی امامتوں کا پدر

یعنی ہے سب فضیلتوں کا پدر 



ہادی حسن فیضی

استاذ جامعہ ناظمیہ لکھنو


Lyrics By Sadat Tv Network - STN


Comments